اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پائلٹ منصوبے کا جائزہ، اسکریننگ اور علاج تیز کرنے کی ہدایت

7

اسلام آباد،01 جون (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے جاری پائلٹ منصوبے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ اور اس کے خاتمے کے لیے درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے اور حکومت نے اس مرض کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ افراد کی اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے ٹیسٹ کروائیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ ایک قومی کاز ہے اور ہسپتالوں کے سربراہان اس پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔

وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ جن افراد کے ٹیسٹ مثبت آئیں ان کے بروقت علاج کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور لوگوں کو مریض بننے سے بچانا ضروری ہے۔

مصطفیٰ کمال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد میں موجود صحت مراکز سے اپنا مفت ٹیسٹ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

 اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ہسپتالوں کے سربراہان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے شرکت کی۔