فتنہ الخوارج کے ہاتھوں معصوم بچوں کے جنسی استحصال کے ہوشربا انکشافات

0

پلنگ زئی، شمالی وزیرستان،13 جون (اے پی پی ):فتنہ الخوارج کی جانب سے معصوم بچوں کے جنسی استحصال کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پاک فوج کے آپریشن کے دوران خوارج کے چنگل سے بازیاب ہونے والے بچے نے خوارج کی درندگی کو بے نقاب کر دیا۔ جنسی زیادتی کا شکار بچے اکرام اللہ نے بتایا کہ والد کی وفات کے بعد خوارج اسے اپنے ساتھ منظر خیل مرکز لے گئے جہاں اس کا جنسی استحصال کیا گیا۔ اکرام اللہ کے مطابق مرکز میں اس کے علاوہ بھی تین سے چار بچے موجود تھے جن کے ساتھ خارجی بدفعلی کرتے تھے۔ اس نے بتایا کہ زیادہ تر خارجی افغانی تھے۔کچھ عرصہ بعد اسے پلنگزئی لایا گیا جہاں ایک خارجی نے مسجد میں قائم مرکز میں مسلسل بدفعلی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ بچے نے انکشاف کیا کہ اسے کئی خوارج نے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں پاک فوج نے کارروائی کے دوران اسے بازیاب کرایا۔

سماجی ماہرین نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوارج کی طرف سے بچوں کا جنسی استحصال اور اس گھناؤنے فعل کے لیے مساجد کا استعمال انتہائی مکروہ حرکت ہے۔ مساجد کی بے حرمتی پر ہر مسلمان انتہائی دکھی ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کے قتل عام اور بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا فتنہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہو سکتا۔