ملتان: عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے سیمینار، ریلی اور شجرکاری مہم

2

 ملتان 05 جون (اے پی پی): عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام رضا ہال میں سیمینار، آگاہی ریلی اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار نے سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہر شہری کی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور پلاسٹک کے بے جا استعمال کے باعث دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں شاپر بیگز کے استعمال پر سخت پابندی نافذ ہے۔ڈاکٹر طاہر سیال نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کے لیے شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے سول سوسائٹی کے ہمراہ رضا ہال کے لان میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

 اس موقع پر رضا ہال سے چوک کچہری تک آگاہی ریلی بھی نکالی گئی، جس کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی دی۔

  ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات ڈاکٹر طاہر سیال، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، ضلعی افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔