اسلام آباد، 01جون )اےپی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التواء کیسز نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی ۔ وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التواء کیسز نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027ء تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی، برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔ وفد کے شرکا نے وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفد نے پسماندہ اور متوسط طبقے کے لیے ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت آسان شرائط پر قرضہ سکیم کے اجراء کا خیرمقدم کیا۔ وفد نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں اصلاحات، پی آئی اے کی کامیاب نجکاری، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور ای-انوائسنگ جیسے اقدامات پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ گرے اکانومی کو ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات کے ذریعے فارمل اکانومی کے دائرہ کار میں لانے کے لیے کاروباری برادری حکومت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
مشاورتی اجلاس میں ایف پی سی سی آئی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام اباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کے صدور سمیت اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی ار اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔











