پی ایس ڈی پی؛ہائر ایجوکیشن کمیشن   کے تحت ملک بھر کی جامعات اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے 46 ارب روپےمختص

4

اسلام آباد،12جون  (اے پی پی):وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی ) میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت ملک بھر کی جامعات اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے 46 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کےلئے 43 ارب 80 کروڑ  اور نئے ترقیاتی منصوبوں کےلئے 2 ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔  ایچ ای سی کی جاری سکیموں میں   سی پیک کنسورشیم آف یونیورسٹیز کے تحت تعلیمی تعاون کے منصوبے کے لیے مالی سال 27-2026 کے لیے 100 ملین روپے جبکہ افغان طلبہ کے لیے علامہ محمد اقبال 3000 اسکالرشپ  سکیم کے لیے 200 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لیے 450 ملین روپے کی بڑی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کے ہاسٹل اور دیگر تعلیمی ڈھانچے کے لیے 339.710 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے۔ بلوچستان اور سندھ کے پسماندہ علاقوں کے تعلیمی اداروں کو بھی ترجیح دی گئی ہے  جس میں قلعہ سیف اللہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ  مینجمنٹ سائنسز  کے سب کیمپس کے لیے 400 ملین روپے اور حیدرآباد، سندھ میں فیڈرل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 300 ملین روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ  نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی  کے نئے کیمپس کے لیے 300 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے لیے سکالرشپ پروگرامز پر خصوصی توجہ دی ہے جس میں  بیرون ملک  ایم ایس؍ ایم فل اور پی ایچ ڈی  سکالرشپس (فیز III) کے لیے 1,800 ملین (1.8 ارب) روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے  جب کہ پاک-امریکا نالج کوریڈور کے تحت پی ایچ ڈی سکالرشپ پروگرام کے لیے 1,500 ملین (1.5 ارب) روپے رکھے گئے ہیں۔  کوہاٹ، سوات، گوادر، لاہور  اور بہاولپور کی یونیورسٹیوں  میں  وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم اور مختلف یونیورسٹیوں میں بنیادی سہولیات اور لیبز کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جاری تعلیمی سکیموں کا کل تخمینہ لاگت 400,141.704 ملین روپے تک پہنچ چکا ہے  جس کے لیے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں مجموعی طور پر 43,800 ملین (43.8 ارب) روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مزید برآں وزیر اعظم یوتھ پروگرام  کے تحت مختلف نوجوانوں کے فلاحی و کھیلوں کے منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2,200 ملین روپے الگ سے رکھے گئے ہیں  جس سے ایچ ای سی کا مجموعی بجٹ ایلوکیشن 46 ارب  روپے تک پہنچ گیا ہے۔