ملتان، 26 ستمبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت اجلاس میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور گیس پلانٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور بھی شریک ہوئیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی پلانٹس پر حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ غیر معیاری سلنڈرز کی بھرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ کے لیے اوگرا، کسٹمز اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ اور جرمانوں کا اختیار اسسٹنٹ کمشنرز کو دے دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ایل پی جی پلانٹس صرف اپنے مجاز سلنڈرز ہی مارکیٹ میں فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ 14 مجاز کمپنیوں کے تیار کردہ سلنڈرز ہی مارکیٹ میں فروخت کیے جاسکیں گے۔ انہوں نے ایل پی جی گیس میں مکسنگ کی روک تھام کے لیے اوگرا کو بھرپور ایکشن کی ہدایت بھی کی۔











