ملتان،26(اے پی پی ):کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے کامن ٹریننگ پروگرام 54ویں کے تحت ملتان کینٹ میں عسکری تربیت حاصل کرنے والے 34 زیر تربیت افسران نے ملاقات کی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زیر تربیت افسران سے انتظامی امور، عوامی خدمت، گورننس اور سول سروس کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کو محض دفتری امور تک محدود رکھنے کے بجائے عوامی مسائل کے حل، نئے اقدامات اور عملی گورننس پر توجہ دی جانی چاہیے۔ سول افسران عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بناتے ہوئے انتظامی امور میں بہتری اور مؤثر گورننس کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے اپنے انتظامی تجربات اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات کے حوالے سے بھی زیر تربیت افسران کو آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ سول افسران کو واضح سوچ اور عزم کے ساتھ کمفرٹ زون سے باہر نکل کر کام کرنے کی سوچ اپنانی چاہیے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر زیر تربیت افسران نے کمشنر ملتان سے مختلف انتظامی امور اور عملی گورننس سے متعلق سوالات بھی کیے، جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر کمشنر عامر کریم خاں نے زیر تربیت افسران کو سووینئرز پیش کیے۔











