اینٹوں کے بھٹوں کی ماحولیاتی نگرانی جدید ٹیکنالوجی سے مزید مؤثر، ڈرون سرویلنس کا آغاز

0

لاہور، 90 ستمبر (اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں اینٹوں کے بھٹوں کی ماحولیاتی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مؤثر بنا دی گئی۔ اس سلسلے میں محکمہ تحفظ ماحولیات (EPA) پنجاب اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے مشترکہ ڈرون سرویلنس کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور کے علاقوں جیابگا، کنگرا کریال اور ہلوکی میں اینٹوں کے بھٹوں کی فضائی نگرانی کی گئی، جس کے دوران ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔ ڈرونز کے ذریعے بھٹوں سے دھویں کے اخراج، آپریشنل سرگرمیوں اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق جدید ڈرون سرویلنس کے ذریعے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹے نگرانی کے نظام سے بچ نہیں سکیں گے۔ ڈرونز کے ذریعے خلاف ورزیوں کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جس سے قانون کے مطابق کارروائی کا عمل مزید تیز ہوگا۔ غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور دھویں کے اخراج پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائی کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صاف پنجاب وژن کے تحت آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے دھویں اور ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع 1373 پر دیں، عوام کی اطلاع پر EPA فورس فوری ایکشن لے گی۔