زرعی شعبہ ملک کی برآمدی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے: احسن اقبال

0

اسلام آباد، 4 ستمبر)اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خود انحصاری کے لیے برآمدات میں بھرپور اضافہ ناگزیر ہے، جبکہ زرعی شعبہ ملک کی برآمدی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ہائی ویلیو ایگریکلچر ایکسپورٹ پوٹینشل کے حوالے سے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح پاکستان کو برآمدات پر مبنی مضبوط اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔ کامیاب معیشتوں نے مسلسل ترقی کے لیے برآمدات کو بنیادی محرک بنایا، پاکستان بھی اپنی برآمدی صلاحیت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر عالمی منڈیوں میں بہتر مقام حاصل کرسکتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان آبادی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، مناسب معاشی مواقع، تعلیم اور روزگار کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کی قوت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی بنیاد ہے اور اس شعبے میں وسیع برآمدی امکانات موجود ہیں۔ پاکستان کو روایتی زرعی اجناس کے ساتھ ساتھ ہائی ویلیو زرعی مصنوعات، ویلیو ایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری پیداوار پر توجہ بڑھانا ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی شعبے کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا کر پاکستان عالمی منڈیوں میں اپنی مسابقتی حیثیت مضبوط کرسکتا ہے اور معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔