نجی شعبے کی شمولیت سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے محمد علی

59

اسلام آباد، 04ستمبر(اے پی پی): نجکاری کے مشیر اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز کرنے اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر، ہنرمند افرادی قوت، بہتر انتظامی نظام اور جدت طرازی کے ذریعے پاکستان ترقی کے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے زیر اہتمام  ‘‘موبلائزنگ پرائیویٹ کیپیٹل: نیشنل اسٹریٹجک ڈائیلاگ آن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس اینڈ پرائیویٹائزیشن’’ کے موقع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ مستقبل کی عالمی معیشت میں کامیابی کے لیے پاکستان کو نجی شعبے کی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں، ریلوے، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی ترقی معاشی سرگرمیوں، تجارت اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ایسے منصوبوں میں جہاں نجی سرمایہ کاری مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے وسائل کو متحرک کیا جا سکتا ہے۔

محمد علی نے کہا کہ دنیا تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اور جدت کی جانب بڑھ رہی ہے، پاکستان کو بھی مستقبل کی معیشت کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں بہتر بنانا ہوں گی۔ انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی، نئی مہارتوں کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کو معاشی ترقی کے اہم عوامل قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان میں توانائی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور ادارہ جاتی اصلاحات کے شعبوں میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بین الاقوامی شراکت داری اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان کے لیے وسیع معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔