سکھر میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر واک اور پرچم کشائی کی تقریب، شہداء و غازیانِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

1

سکھر،06ستمبر(اےپی پی): یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر سکھر میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سکھر کے زیرِ اہتمام شہداء و غازیانِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پُروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں میونسپل جناح اسٹیڈیم سے سکھر پریس کلب تک خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد واکنگ ٹریک سکھر پر پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں میئر سکھر و ترجمانِ سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سمیت منتخب نمائندگان، ضلعی و بلدیاتی انتظامیہ کے افسران، سول سوسائٹی، نوجوانوں، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ یہ دن ہمیں ان عظیم شہداء اور غازیانِ وطن کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور بہادری، عزم اور حب الوطنی کی لازوال داستان رقم کی۔انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیانِ وطن ہمارا قومی فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان عظیم سپوتوں نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور سربلندی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مشکل وقت میں پاکستان کے دفاع کے لیے ان کی قیادت، عزم اور جرات نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ پاک افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قومی جذبے کے ذریعے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور مادرِ وطن کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا بھرپور جواب دینا جانتا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے پاکستان کے دفاع کا لوہا منوایا اور قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں یومِ دفاع کے موقع پر منعقدہ واک اور پرچم کشائی کی تقریب کا مقصد صرف شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی، اتحاد اور ذمہ داری کے جذبے کو مزید فروغ دینا بھی ہے۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شہداء و غازیانِ وطن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر قومی پرچم سربلند کیا گیا اور یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔