ملتان: اہلِ علم و ادب کی خدمات کے اعتراف کی منفرد روایت، لوحِ اعزاز کا سلسلہ جاری

0

ملتان ، 9ستمبر( اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے معروف ماہرِ تعلیم، محقق، مصنف اور کالم نگار پروفیسر محمد نسیم شاہد کی علمی، ادبی، تحقیقی اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں ان کے گھر کے باہر نصب لوحِ اعزاز کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر افسران، ادیبوں، شاعروں، اساتذہ، صحافتی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پروفیسر محمد نسیم شاہد کی 37 سالہ تدریسی خدمات اور ہزاروں طلبہ کی علمی و فکری تربیت قابلِ فخر ہے۔ ان کی علمی، ادبی اور صحافتی خدمات ملتان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ علم، ادیبوں، شاعروں اور اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادیبوں، شاعروں، فنکاروں اور علمی شخصیات کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا مقصد ملتان کی علمی و ادبی شخصیات کی خدمات کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے روشناس کرانا ہے انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صفائی، تجاوزات اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے عوام میں شعور اور ذمہ داری پیدا کرنا ضروری ہے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ سکولوں میں بچوں کی تربیت کے لیے لائف اسکلز کے مضمون کی تیاری پر کام جاری ہے، جبکہ علما کرام کے ساتھ مل کر سماجی مسائل کو اجاگر کرنے اور عوامی شعور بیدار کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

پروفیسر محمد نسیم شاہد نے لوحِ اعزاز نصب کرنے پر کمشنر عامر کریم خاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ قلم اور لٹریچر سے وابستہ شخصیات کے لیے لوحِ اعزاز کا سلسلہ ایک خوبصورت اور یادگار اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کی نیک نیتی، صلاحیت اور کمٹمنٹ نمایاں ہے اور وہ مختلف اقدامات میں اہلِ علم سے مشاورت کرتے ہیں، جو ان کے وژن کی عکاسی ہے۔

پروفیسر نسیم شاہد نے کہا کہ لوحِ اعزاز کے ذریعے اہلِ علم و ادب کی خدمات کا اعتراف ایک دائمی اور قابلِ تحسین روایت بن سکتی ہے۔ تقریب میں شریک شخصیات نے کمشنر ملتان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ملتان کی علمی و ادبی تاریخ کو محفوظ بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔