موجودہ عالمی صورتحال میں مضبوط دفاع پاکستان کی اہم ضرورت ہے: نواب جام کمال خان

8

اسلام آباد ،6ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کے لیے مضبوط اور مستحکم دفاع پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے، دنیا کا ہر ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اے پی پی کی ویڈیو نیوز سروس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنی مسلح افواج اور قومی نظام کے ساتھ متحد ہو کر ایک سوچ اپنانا ہوگی اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے کئی ممالک موجود ہیں جنہوں نے دفاعی صلاحیتوں کو نظر انداز کیا، تاہم آج وہ اپنی دفاعی قوت کی بحالی اور استحکام پر توجہ دے رہے ہیں۔

نواب جام کمال خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےپاکستان کو ایک مضبوط دفاعی قوت عطا کی ہے، جو قابل اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اس قوت کا احساس کرتے ہوئے اس کے استحکام کے لیے ہر لحاظ سے محنت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مشکل حالات میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی سے اپنا دفاع کیا، جبکہ دنیا میں ایسے کئی ممالک بھی موجود ہیں جو مناسب دفاعی صلاحیت نہ ہونے کے باعث اپنے دفاع میں مشکلات کا شکار رہے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔