یومِ دفاع کے موقع پر قلعہ سیالکوٹ میں ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی کی پروقار تقریب

1

سیالکوٹ، 6 ستمبر (اے پی پی): یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر قلعہ سیالکوٹ میں ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیر صدارت تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان، ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد، اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی اور فیصل اکرام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز سائرن بجانے اور قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جبکہ ملٹری بینڈ کی دھنوں اور ملی نغموں نے تقریب کو حب الوطنی کے جذبات سے بھر دیا۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی داستانیں آج بھی قوم کے ذہنوں میں نقش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے جنگ کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بے مثال حب الوطنی اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ 6 ستمبر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ملکی دفاع ایک مسلسل عمل ہے اور ہماری مسلح افواج ہر لمحہ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام کی بے مثال قربانیوں اور حب الوطنی کے اعتراف میں شہر کو ہلالِ استقلال سے نوازا گیا۔

سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان نے کہا کہ چونڈہ کا معرکہ ہماری عسکری تاریخ کا درخشندہ باب ہے اور سیالکوٹ کے عوام کی بہادری و قربانیوں کے اعتراف میں شہر کو ہلالِ استقلال سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق 2025ء میں بھی مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ یومِ دفاع کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔