سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کا جائزہ اجلاس پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 7 روڈ پیکجز کی منظوری، ویکسین کی مقامی تیاری کا فیصلہ

1

لاہور، 6 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب میں نجی شعبے کے اشتراک سے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے پانچویں اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ابتدائی مرحلے میں 7 روڈ پیکجز کی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت نجی شعبے کی شراکت داری سے کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کنٹریکٹس کے لیے کامیاب بولیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ کامیاب بولی دہندگان اپنی بولیاں سات سال تک برقرار رکھیں گے اور پنجاب حکومت کو منافع بھی دیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نجی شعبے کی شراکت داری سے مقامی سطح پر ویکسینز کی تیاری شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منہ کھر کی بیماری کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری، لائیو اسٹاک فارمز اور ویکسین کی ٹرانسفارمیشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بولیوں کے جائزے کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے ترامیم کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ کارکردگی کے جائزے کے معیارات کے مطابق ادارہ جاتی اور انتظامی مینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کا عمل مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے چوتھے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ انفارمیشن و کمیونیکیشن اصلاحات، سوشل میڈیا مینجمنٹ اور سالانہ ضلعی ڈویلپمنٹ پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے پنجاب میں مختلف شعبوں کی ترقی کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن گیم چینجر ثابت ہوگا۔ منصوبوں پر شفاف اور مقررہ وقت کے مطابق عمل درآمد کارکردگی جانچنے کا اہم معیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کی خدمت کارکردگی جانچنے کے اہم پیمانے ہیں۔
بعد ازاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب فنانشل اسسٹنس سروسز (PFAS) کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت فنانس ڈیپارٹمنٹ میں PFAS ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بہترین کارکردگی پر فنانس سیکرٹری مجاہد شیر دل اور سابق سی ای او PFAS نعمان یوسف کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ فنانس سیکرٹری، سی ای او PFAS سلمان لودھی، سی ای او P4A ذیشان حنیف اور فنانس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔