کوئٹہ(29 اکتوبر اے پی پی): بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ادویات اور ویکسین کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے لسبیلہ کے شہر اوتھل میں 250 کلو واٹ صلاحیت کا سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہاؤس محکمہ صحت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یونیسیف کے تعاون سے قائم اس مرکز سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کو طبی سامان کی فراہمی میں وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ پرعزم ہے کہ اس طرز کے منصوبے سے ادویات کی ترسیل بہتر ہوگی۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور یونیسیف کے چیف فیلڈ آفیسر فٹسم آصفہ کے ہمراہ ضلع لسبیلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور جدید سہولیات سے آراستہ سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہاؤس کا جائزہ لیا۔
اس ویئر ہاؤس میں ادویات اور ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے جدید اسٹوریج، معلومات کے انتظام اور سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ نئے سپلائی مرکز سے کراچی سے طبی سامان براہ راست لسبیلہ پہنچایا جا سکے گا، جبکہ یہ مرکز گردونواح کے تقریبا 40 فیصد علاقے کی ضروریات پوری کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔











