لاہور، یکم نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ صوبے میں چینی سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسک ہاؤس، ڈیوس روڈ پر چینی صوبے حونان کے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت وائس چیئرمین حونان فیڈریشن آف ریٹرنڈ اوورسیز چائنیز مسٹر ہو ژونگ من کر رہے تھے۔ ملاقات میں پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری، جاری منصوبوں اور پنجاب حکومت کے تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران چین کے دوروں میں طے پانے والے متعدد معاہدوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ چین کے شہر لاؤڈی اور گجرات کے مابین معاشی تعاون اور باہمی سرمایہ کاری کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ چینی کمپنی وی وو کی موبائل فون فیکٹری کی تعمیر پنجاب میں آخری مراحل میں ہے جبکہ چینی کمپنیوں کے الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کے متعدد کارخانے پیداوار شروع کر چکے ہیں اور لیتھیئم بیٹریوں کے پلانٹس بھی لگائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئندہ دو ماہ میں ایک چینی کمپنی پنجاب میں الیکٹرک ٹرک متعارف کرانے جا رہی ہے۔ چین سے تین ہزار الیکٹرک بسیں بھی درآمد کی گئی ہیں جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان بسوں کی مقامی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کے یونٹس بھی پنجاب میں قائم ہوں۔انہوں نے کہا کہ جدید زراعت کے فروغ کے لیے چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ چین کی زرعی شعبے سے وابستہ کمپنیوں کو پنجاب میں جدید زرعی آلات کی تیاری کے کارخانے لگانے کی دعوت دی گئی ہے۔ صوبے کے خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں جبکہ فیصل آباد کے اسپیشل اکنامک زون میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ کمیونٹی سینٹر بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری نہ صرف معاشی تعاون بڑھا رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری حلقوں کے درمیان قربتوں میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔وفد کے گروپ لیڈر مسٹر ہو ژونگ من نے پنجاب میں چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو تعاون اور سہولیات فراہم کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور مزید چینی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے چوہدری شافع حسین کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔











