سنگاپور کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

15

راولپنڈی،30اکتوبر  (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور باہمی تعاون کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مضبوط ادارہ جاتی روابط اور تعمیری شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔معزز مہمان نے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات اور کردار کو سراہا۔