سکھر،21 اکتوبر(اے پی پی): گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس)، گمبٹ کی ٹراما اکیڈمی کے زیر اہتمام طبی پیشہ ور افراد کو بنیادی سرجیکل صلاحیتوں کی تربیت دینے کے لیے بنیادی سرجیکل مہارتوں پر ہینڈز آن ورکشاپ کا انعقاد کیا، ورکشاپ گمس کے ڈائریکٹر کیپٹن (ریٹائرڈ) پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی رہنمائی میں منعقد ہوا، یہ تربیت میڈیکل طلباء، ہاؤس آفیسرز، میڈیکل آفیسرز، پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے خصوصی طور پر ترتیب دی گئی تاکہ انہیں محفوظ اور مؤثر سرجیکل پریکٹس کے لیے درکار عملی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔
شرکاء کو سرجیکل آلات کو محفوظ طریقے سے استعمال کرنے، سرجیکل گاؤننگ اور گلونگ، ناٹ لگانے کی تکنیک اور بنیادی ٹانکے لگانے کی عملی تربیت دی گئی۔ سیشنز میں سرجیکل حفاظت،درستگی، انفیکشن سے بچاؤ اور آپریشن تھیٹر میں داخل ہونے سے قبل بنیادی صلاحیتوں کی نشوونما پر توجہ مرکوز کی گئی، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے ریجنل ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر سرجری اینڈ الائیڈ اسپیشلٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر نے مہمان خصوصی کے طور پر ورکشاپ میں شرکت کی۔
ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر نے اس اقدام کو سراہا اور کورس ڈائریکٹر روبوٹک اسپائن سرجری کے ماہر سرجن ڈاکٹر پیر اسد عزیز کی جانب سے مہارت پر مبنی تربیتی پروگرام کے انعقاد کی تعریف کی۔ انہوں نے سرجیکل تربیت کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے اس طرح کے ورکشاپس کو جاری رکھنے اور توسیع دینے پر زور دیا، اور انہوں نے ڈاکٹر پیر اسد عزیز کو گزارش کی کہ وہ مستقبل میں اسی طرح کی تعلیمی سرگرمیوں کی قیادت کریں۔
ورکشاپ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ ورکشاپ گمس ٹراما اکیڈمی کے اہلیت پر مبنی طبی تعلیم کے فروغ اور محفوظ، اخلاقی اور مؤثر سرجیکل پریکٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کا حصہ ہے۔











