شجاع آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند کی سربراہی میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی شجاع آباد سے ہوا،جس میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران،تاجران،میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کے انعقاد کا مقصد یومِ سیاہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرنا، کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی جانب مبذول کروانا تھا۔
اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ایک مشترکہ قومی جذبہ ہے۔











