سکھر،27 اکتوبر(اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع سکھر میں بھی 27 اکتوبر کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں یوم سیاہ منایا گیا۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے ریلی نکالی گئی،جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلباء، وکلاء، سیاسی و سماجی کارکنان، میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میونسپل اسٹیڈیم سکھر سے شروع ہوئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی۔
ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر تنویر احمد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر بشریٰ منصور اور ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل نے کی۔ ریلی میں پولیس،رینجرز، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن، صحت، سیپکو، لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو 1122 سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ریلی میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں نعرے لگائے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر تنویر احمد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر بشریٰ منصور اور ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا،ان کے بنیادی حقوق کی حمایت کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے۔عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔











