صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

0

اسلام آباد،8اکتوبر  (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، ترقیاتی تعاون، دفاع، ہنرمند افرادی قوت کی آمدورفت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

صدرِ مملکت نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر سلمان شریف سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور 2026ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا نتیجہ خیز موقع بنانے کا خواہاں ہے۔

صدرِ مملکت نے دوطرفہ تجارت اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔صدرِ مملکت نے دفاعی تعاون جاری رکھنے، پاکستان کی زیرِ التوا درخواستوں پر جلد مثبت غور اور ہنرمند افرادی قوت کی آمدورفت کے حوالے سے مزید تعاون پر بھی زور دیا۔

صدرِ مملکت نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ باہمی طور پر موزوں تاریخ پر ہوگا۔ صدرِ مملکت نے سلمان شریف کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر بھی موجود تھے۔