وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات، پلاسٹک فری شہر بنانے پر تبادلہ خیال

1

 اسلام آباد۔8اکتوبر  (اے پی پی): وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات۔ملاقات میں اسلام آباد کو پلاسٹک فری شہر بنانے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا پہلا پلاسٹک فری شہر ہوگا، پلاسٹک کے خاتمے سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی، شہری پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست متبادل اختیار کریں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ تاجر برادری اور شہریوں کی تجاویز اور تعاون سے پلاسٹک فری اسلام آباد مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔انجمن تاجران نے پلاسٹک فری اسلام آباد کے لیے حکومتی اقدامات میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسلام آباد چیمبر آف کامرس، انجمن تاجران، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور سی ڈی اے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔