عالمی یومِ انسدادِ پولیو 2026: وزیر مملکت صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کا فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین

3

اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی) : وزیر مملکت برائے قومی صحت، خدمات، ضوابط و رابطہ ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے عالمی یومِ انسدادِ پولیو 2026 کے موقع پر فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی خدمات، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مسلسل نگرانی، پولیو پروگرام کی قیادت اور ہزاروں کارکنوں کی انتھک محنت سے پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم باقاعدگی سے پولیو پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں، جو اس قومی مشن کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں ملک میں پولیو کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ بعد ازاں کیسز میں نمایاں کمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مسلسل نگرانی، مؤثر ویکسینیشن اور مربوط کوششوں کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کو ویکسین پلانے کے ساتھ کولڈ چین برقرار رکھنے، ہر گھر تک رسائی، والدین کے خدشات دور کرنے اور کمیونٹیز کا اعتماد حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشوار گزار علاقوں، سخت موسمی حالات اور سکیورٹی خطرات کے باوجود خدمات انجام دینے والے ورکرز پاکستان کے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے قومی سطح پر قابلِ قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے بالخصوص خیبر پختونخوا سمیت مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے دورانِ ڈیوٹی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیو ورکرز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی آخری منزل کے حصول کے لیے اعلیٰ معیار کی ویکسینیشن مہمات، مؤثر نگرانی، غلط معلومات کا تدارک اور تمام متعلقہ اداروں، شراکت داروں اور کمیونٹیز کے درمیان مسلسل تعاون ناگزیر ہے۔ وائرس کی کسی بھی علاقے میں موجودگی پورے ملک کے بچوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے حفاظتی اقدامات میں تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پولیو ورکرز کے لیے نیک تمناؤں اور اعترافِ خدمات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا صرف صحتِ عامہ کا ہدف نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، پولیو پروگرام کی قومی قیادت، شراکت داروں اور فرنٹ لائن ورکرز کی مشترکہ کوششوں سے ملک کو پولیو فری بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔