اسلام آباد 23 اکتوبر( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیمِ نو اور منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ (LDDB)
کی نجی شعبے کے ماہرین کے ساتھ تنظیمِ نو کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کر کے بورڈ کو ایک مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے۔وزیراعظم نے منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے واضح اہداف، قابلِ پیمائش نتائج اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی پیداوار کا پلانٹ اسلام آباد میں قائم کر رہی ہے۔شہباز شریف نے لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے اور اس شعبے میں مہارت رکھنے والے دوست ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کی صحت، افزائشِ نسل، پیداوار اور ویلیو چین میں بہتری لا کر پاکستان کی وسیع برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے تاکہ دیہی معیشت مستحکم ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
اجلاس میں چیئرمین بورڈ کی تنظیمِ نو، جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن، جانوروں کی شناخت اور ٹریس ایبلٹی کے علاوہ گوشت و ڈیری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











