نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا اجراء، ہاؤسنگ کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور

3

اسلام آباد، 5 اکتوبر (اے پی پی): وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا باضابطہ اجراء کر دیا۔ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 چوبیس سال بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہے۔

نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجراء کی تقریب نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) اسلام آباد میں عالمی یومِ آبادکاری کے موقع پر اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام (UN-Habitat) کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ تقریب کے مہمانِ خصوصی جبکہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اعزازی مہمان تھے۔

تقریب میں ماہرینِ تعلیم، محققین، ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

میاں ریاض حسین پیرزادہ نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کے موجودہ مسائل کا حل مشترکہ ایکشن پلان سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہائش کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کا اجراء ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔