وزیراعظم کا سرکاری سکولوں اور مدارس کے 5 لاکھ طلباء میں کروم بکس تقسیم کرنے کا اجرا

14

 

اسلام آباد، 25 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجرا کر دیا۔

اتوار کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر یہ طلباء و طالبات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ قوم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جس قدر وسائل درکار ہوئے، وہ فراہم کریں گے۔ تعلیم ایک ایسی دولت ہے جسے چوری نہیں کیا جا سکتا، تعلیم انسان کو معاشرے میں ممتاز بناتی ہے۔ دو سال میں پانچ لاکھ طالب علموں تک یہ کروم بکس پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صرف اور صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلباء و طالبات میں یہ کروم بکس تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ انہیں بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی دیا جا رہا ہے تاکہ گھر میں بیٹھ کر ای لائبریری سے استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیئے گئے تھے۔ اس پروگرام سے مستحق اور یتیم بچے مستفید ہوئے کیونکہ ذہانت اور محنت کسی امارت یا غربت کی پابند نہیں ہونی چاہئے۔ ماضی میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ دس سال میں تقسیم کئے گئے، اب یہ کروم بکس دو سال کے قلیل عرصہ میں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے بانی راشد منہاس اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ کروم بکس عطیہ کیں اور کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو حکومت پاکستان پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کیا، ملک بھر میں اس وقت 27 دانش سکول زیر تعمیر ہیں جو معیاری تعلیم کے حوالے سے نمایاں مقام رکھیں گے جہاں سمارٹ بورڈ، ای لائبریریز، کھیل کے میدان، مفت رہائش اور کھانے کی سہولت ہوگی۔ کسی بھی حکومت کا فرض ہے کہ وہ قوم کے بچوں کو عظیم شہری بنانے کیلئے وسائل بروئے کار لائے۔

اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا کہ ٹی ٹی کیئر کی جانب سے پانچ لاکھ کروم بکس کی فراہمی ڈیجیٹل سہولت کی جانب اہم قدم ہے، ایک مائی فائی کنکشن سے پانچ مزید بچے فائدہ اٹھا سکیں گے، یوں کل 25 لاکھ بچے مستفید ہوں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان بدلتے تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر نوجوانوں کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے عالمی تنہائی سے نکل کر خطے میں ثالثی کے کردار تک کا سفر طے کیا ہے۔

ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین راشد منہاس نے کہا کہ دینی مدارس کے طالب علموں کو اس سکیم میں شامل کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم دینی مدارس کے طالب علموں کے مستقبل کا ادراک رکھتے ہیں، دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی ضروری ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہونہار طالب علموں میں کروم بکس تقسیم کیں۔ تقریب کے دوران اسلام آباد کے چاق و چوبند دستے نے طالب علموں کو سلامی دی جبکہ ”پانچ لاکھ کروم بک، پانچ لاکھ خواب” کے نام سے تھیم سانگ بھی پیش کیا گیا۔