اسلام آباد،23اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
عشائیے میں مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد، وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللہ خلیل، وزیر دفاع حسن رشید، وزیر داخلہ علی احسان، وزیر صحت جیلا علی، وزیر اقتصادی ترقی و تجارت محمد سعید اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد شاہدی نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معزز مہمان صدر مالدیپ اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ عشائیے کی تقریب میں پاکستان کی ثقافتی روایات اور مہمان نوازی کا خوبصورت اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی اور صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا اور پاکستان و مالدیپ کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
عشائیے کے موقع پر وفد کے اعزاز میں پاکستان کی مشہور صوفی قوالیاں بھی پیش کی گئیں، جس کے منفرد انداز کو صدر مالدیپ نے سراہا۔ صدر مالدیپ نے پرتپاک میزبانی اور خیرمقدم پر اظہار تشکر کیا۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار، وزیر مملکت طلال چوہدری اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











