وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی یقین دہانی پر صحافیوں نے پریس گیلری کا واک آئوٹ ختم کردیا

2

اسلام آباد۔27اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی یقین دہانی پر صحافیوں نے پریس گیلری کا واک آئوٹ ختم کردیا۔

قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آئوٹ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کو ہدایت کی کہ وہ  صحافیوں کے پاس پریس گیلری  میں جا کر ملاقات کریں۔

 ایوان میں واپس آکر وزیر مملکت نے کہا کہ آپ کی ہدایت پر میں نے صحافیوں سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تنخواہوں کا مسئلہ ہے، میں نے ان سے ان کے اداروں کی فہرست مانگی ہے اوروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ سے بھی بات کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی کئی اداروں سے برطرفی کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے، وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے  بتایا ہے کہ اس پر باقاعدگی سے متعلقہ فورم پر بات ہورہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے گا، صحافیوں نے ان مسائل پر دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کی اس بات پر بھی غورکیا جائے گا۔ صحافیوں نے رپورٹرز کے تحفظ کےلئے اس کو چینلز کی لائسنسنگ سے منسلک کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ میں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اس معاملے پر بھی غورکیا جائے گا۔

 ایوان میں وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی یقین دہانی پر صحافیوں نے پریس گیلری کا واک آئو ٹ ختم کردیا۔