پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

8

اسلام آباد،26 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے ترقیاتی تجربات میں مماثلت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بینکاری روابط مضبوط بنانے، تجارتی و مالیاتی تعاون بڑھانے اور فضائی و عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے بیرونی معاشی دھچکوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔