پنجاب کے صنعتی مراکز میں 32.5 میگاواٹ کے بیٹری انرجی اسٹوریج منصوبے لگانے کی تجویز

12

 لاہور، 29 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب کے صنعتی مراکز میں صنعتوں کو سستی، معیاری اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 32.5 میگاواٹ کے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے لگانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جبکہ اس ضمن میں قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کے لیے تکنیکی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت محکمہ توانائی کے اجلاس میں صنعتی مراکز میں بجلی کی لاگت کم کرنے اور توانائی کی قابلِ اعتماد فراہمی کے مختلف امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ، رحیم یار خان اور وہاڑی کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے پائلٹ منصوبے شروع کیے جائیں۔ مجوزہ ماڈل کے تحت صنعتوں کو 12 گھنٹے آف گرڈ اور 12 گھنٹے نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اجلاس میں محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ توانائی اور پی ایف اے ایس کے نمائندوں پر مشتمل تکنیکی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، جو صنعتی مراکز میں سستی بجلی کی فراہمی سے متعلق تجاویز کا جائزہ لے کر جلد حتمی منصوبہ پیش کرے گی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی مراکز میں سستی بجلی کی فراہمی سے صنعتوں کی ترقی کی رفتار بڑھے گی، پیداواری عمل بہتر ہوگا اور کاروباری شعبے کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو سستی اور قابلِ اعتماد توانائی فراہم کرنے کے لیے محکمہ توانائی کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں توانائی کے منصوبے لگانے کے لیے درکار اراضی فراہم کی جائے گی، جبکہ دونوں محکمے باہمی مشاورت سے منصوبوں کے لیے تمام ضروری معاملات طے کریں گے۔

صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ صنعتی مراکز میں سستی بجلی کی فراہمی سے صنعتوں کو ریلیف ملے گا اور پیداواری صلاحیت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم صنعتی شعبے کو مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ محکمہ توانائی صنعتوں کو توانائی کے شعبے میں سہولت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اجلاس میں پی ایف اے ایس کی ٹیم نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے مجوزہ پائلٹ منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی، اسپیشل سیکرٹری انڈسٹریز نوشین ملک، چیئرمین پیڈمک شہزاد اعظم، توانائی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔