اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایران-پاک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ فدا حسین مالکی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔ پاک-ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔ ایران پر حملے کی مذمت کرنے والی پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان ہے۔ پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر حملے کی متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دہشتگردی پاکستان اور ایران دونوں کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارت کے فروغ کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔ جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب، ایران اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کو مشترکہ مکالمے اور تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین مثالی اور مضبوط تعلقات تاریخ کے اہم دور سے گزر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایران اور فلسطین کے عوام کی حمایت کی ہے۔
سربراہ ایرانی پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی امن کے قیام اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارتی حجم اور پارلیمانی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔











