وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وفود کے سربراہان کی ملاقات

6

اسلام آباد، 16 نومبر ( اے پی پی) اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے آج وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفود  ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

 انہوں نے ای سی او کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور معاشی انضمام کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور اسلام آباد اعلامیے اور 2026ء سے 2035ء تک معاشی تعاون کے لیے طے کیے گئے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔

 انہوں نے ان اقدامات کو تنظیم کو مضبوط بنانے اور خطے کی مشترکہ ترجیحات کے حصول کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔وزیراعظم نے 2026ء سے 2027ء تک ای سی او کی صدارت پاکستان کو ملنے کا ذکر کرتے ہوئے اس سال کے لیے طے کردہ موضوع ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کی بحالی‘‘ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے جن کے نتائج سامنے آئیں اور خطے کے عوام کو حقیقی فوائد حاصل ہوں۔

وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور راہداریوں کے ذریعے روابط، توانائی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ علاقائی معاشی تعاون کو تیز کیا جا سکے۔

پاکستان کے اہم جغرافیائی محل وقوع کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سڑکوں، ریلوے اور مختلف ذرائع نقل و حمل پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان راہداریوں میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے رابطے بھی شامل ہیں۔ اس سے بالخصوص ای سی او کے ان رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی جن کی اپنی کوئی سمندری بندرگاہ نہیں۔

وزیراعظم نے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔وزیراعظم نے ای سی او کے رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ 2027ء کے لیے لاہور کو ای سی او کا سیاحتی مرکز قرار دیے جانے کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔

 انہوں نے ای سی او کی صدارت کے دوران تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ای سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2027ء میں ای سی او وزراء کونسل کے آئندہ اجلاس اور ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وفود کا خیرمقدم کرے گا۔