اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر  فرسٹ سیکریٹری انصار شاہ کا حقِ جواب

8

اقوام متحدہ: (18 نومبر 2026ء): اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر  فرسٹ سیکریٹری انصار شاہ نے  حقِ جواب، موضوع: ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور قیامِ امن کے لیے تعاون کا فروغ، میں کہا ہے کہ ہم بھارت کی جانب سے حقائق سے توجہ ہٹانے اور انکار کی روایتی روش، نیز بے بنیاد الزامات اور محض بیان بازی کے ذریعے معاملے کو الجھانے کی کوششوں کا جواب دینے پر مجبور ہیں۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی صریح خلاف ورزی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ یہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے، لیکن اب اس کا ایک فریق یکطرفہ طور پر اسے ’’معطل‘‘ کرنے کا حق جتلا رہا ہے۔ معاہدے میں یکطرفہ طور پر اس نوعیت کا کوئی اقدام کرنے کی قطعاً کوئی گنجائش موجود نہیں۔

بھارت بار بار یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں طے پایا تھا اور ’’دنیا بدل چکی ہے‘‘۔ اقوام متحدہ کا منشور تو اس سے بھی پرانا ہے، جسے نافذ ہوئے 81 برس گزر چکے ہیں۔ کیا بھارت کے نزدیک وہ بھی فرسودہ ہو چکا ہے؟ جموں و کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظرانداز کرنے کے بھارتی طرزِ عمل کو دیکھتے ہوئے تو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے۔ 1989ء سے اب تک بھارتی قابض افواج ایک لاکھ سے زائد کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو شہید کر چکی ہیں۔ بھارت کشمیری عوام کے بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حقوق مسلسل سلب کر رہا ہے اور انہیں حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے، جو ان کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔

میرا وفد بھارتی مستقل مندوب کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات پر کیے گئے غیر سنجیدہ اور انتہائی نامناسب ریمارکس کو بھی مسترد کرتا ہے۔

پاکستان ایک قانون پسند، امن دوست ملک اور اقوام عالم کی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے۔ ہم قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان ایک متحرک اور مستحکم جمہوریت ہے، جہاں شہریوں کو اپنے رہنما منتخب کرنے، اپنے نظامِ حکمرانی کا تعین کرنے اور اپنے بنیادی حقوق و آزادیوں کے استعمال کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

تاہم، یہ تصورات آج بھارت کے لیے اجنبی دکھائی دیتے ہیں، جہاں ایک انتہا پسند اور فسطائی ہندوتوا نظامِ حکومت کا غلبہ ہے، جو اقلیتوں کے خلاف امتیاز کو فروغ دیتا ہے، آزادیٔ اظہار کو دباتا ہے، نفرت انگیزی کو ہوا دیتا ہے اور اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر پُرامن بقائے باہمی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ بھارت اپنی پروپیگنڈا مشینری اور ’’گودی میڈیا‘‘ کے ذریعے اپنے عوام کو گمراہ کر سکتا ہے، لیکن عالمی برادری کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔

بھارت کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی رعونت اور خود ساختہ بیانیے کے خمار سے باہر نکلے، بین الاقوامی قانون اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کی پاسداری کرے، بین الاقوامی معاہدوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے نبھائے اور اپنے تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے حقوق اور آزادیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

سندھ طاس معاہدے کا اصل معاملہ بالکل واضح ہے۔ بھارت یکطرفہ طور پر یہ طے کرنے کا اختیار حاصل کرنا چاہتا ہے کہ کوئی معاہدہ کب نافذ العمل ہوگا، کب نہیں ہوگا اور اس کی تشریح میں کون سی نئی شرائط شامل کی جائیں گی۔ یہ معاہدوں کا قانون نہیں بلکہ قانون شکنی ہے۔

240 ملین سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور روزگار کے لیے ناگزیر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کوئی ’’ازسرِنو جائزہ‘‘ نہیں بلکہ جبر اور دباؤ کا حربہ ہے، جو تنازعے کے حالات کو جنم دیتا ہے۔