اسلام آباد،18 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں حکومت کی ایل پی جی اصلاحات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور نئے گائیڈ لائنز کے تحت سوئی سدرن ایل پی جی (ایس ایس ایل) کی جانب سے درآمد کیا گیا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا پہلا بڑا کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل (ای وی ٹی ایل) پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت پہلے ریکارڈ ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیشل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس ایل جواد علی خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا سرمد اسلم، چیف ایگزیکٹو اینگرو ووپاک ٹرمینل عمار شاہ سمیت اینگرو ٹرمینل کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی خصوصی ہدایت پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ ریکارڈ کارگو ملک میں ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے میں بھرپور مدد ملے گی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث رسمی شعبہ ایل پی جی کی درآمد نہیں کر رہا تھا، تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اس اقدام سے بالخصوص موسمِ سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد بھی متوقع ہے جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔ اس موقع پر اینگرو ووپاک ٹرمینل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور پالیسی اصلاحات سے ملک میں ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔











