اسلام آباد،16نومبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد نے مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی قیادت اور مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایسے وقت میں پاکستان کے مکالمے، فعال سفارت کاری اور علاقائی تعاون کے عزم کو سراہا جب خطے کو فوری طور پر امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اہم اجلاس کی میزبانی اور شاندار مہمان نوازی پر حکومت اور عوام پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے موجودہ جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی غیر یقینی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں، موسمیاتی تبدیلی اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں نے علاقائی تعاون کو تزویراتی اعتبار سے ناگزیر بنادیا ہے۔انہوں نے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چار ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی جن میں تجارت اور سرمایہ کاری، اقتصادی تنوع اور تکنیکی ترقی، غذائی اور توانائی کا تحفظ، جبکہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری شامل ہیں۔ انہوں نے تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، کسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنانے، معیارات میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور سڑکوں، ریلوے، بحری اور فضائی ٹرانسپورٹ راہداریوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان باہمی تجارت اپنی مطلوبہ استعداد سے کم ہے اور 2025 کے اختتام پر یہ شرح 19.57 فیصد رہی جبکہ اجتماعی ہدف 25 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے جدت، تحقیق، ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور صنعتی استعداد میں زیادہ سرمایہ کاری پر بھی زور دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے او آئی سی کے اداروں بالخصوص اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے کردار کو اہم قرار دیا جو وسائل متحرک کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ غذائی اور توانائی کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ زرعی پیداوار میں اضافے، آبی وسائل کے بہتر انتظام، خوراک کی پراسیسنگ اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں۔ انہوں نے عالمی حلال صنعت کی اقتصادی استعداد کو بھی اجاگر کیا اور حلال مصنوعات کی پیداوار،سرٹیفکیشن، معیارات اور تجارت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، فنی تربیت، کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور ڈیجیٹل مہارتیں خطے کی نوجوان آبادی کو ایک پیداواری اثاثے میں تبدیل کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے او آئی سی، ای سی او اور ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سیکا) سمیت علاقائی تنظیموں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں کو مؤثر تعاون اور اجتماعی اقدامات کے ذریعے عالمی کثیرالجہتی نظام، بالخصوص اقوام متحدہ کے کردار کو تقویت دینی چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکا کے سیکرٹری جنرل سلطان حاجیف نے ای سی او اور او آئی سی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے مشترکہ مقاصد رکھتی ہیں جبکہ ان کی شراکت داری کے ذریعے بین العلاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ روابط اور ڈیجیٹلائزیشن کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے قائم ادارہ جاتی شراکت داری کو مہارتوں کے تبادلے، مشاورت اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے عملی نتائج میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سیکا میں حالیہ پیش رفت کا بھی ذکر کیا جن میں رکنیت میں توسیع اور ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت شامل ہے۔ سلطان حاجیف نے کہا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مضبوط ادارے، قریبی شراکت داریاں اور اجتماعی عزم ناگزیر ہیں۔











