اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف ترجیحی شعبوں میں مالی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ملکی مالیاتی شعبے کی ترقی اور بینکاری خدمات کے فروغ میں ایچ بی ایل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط بینکاری نظام کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، مالیاتی خدمات تک رسائی اور مالی شمولیت کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، ہاؤسنگ اور پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن (PAVE) اسکیم سمیت ترجیحی شعبوں میں مالی معاونت کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بینکوں کے کردار اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایچ بی ایل وفد نے بینک کی بین الاقوامی سرگرمیوں اور بیرونی منڈیوں کے ساتھ روابط کے فروغ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) 2.0 کے تحت فراہم کردہ سہولیات اور اس اقدام میں مزید شرکت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے قابل عمل سرمایہ کاری منصوبوں کے لیے موزوں مالیاتی ڈھانچے کی تیاری اور طویل المدتی سرمایہ کاری میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے حکومت اور بینکاری شعبے کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔
ملاقات میں حکومت اور ایچ بی ایل کے درمیان تعاون مضبوط بنانے، بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے ملکی معاشی ترجیحات کے حصول اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بینکاری شعبے کے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔











