این سی سی آئی اے کو وسائل فراہم کرکے سائبر جرائم پر قابو پائیں گے،محسن نقوی

10

لاہور،12نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مزید وسائل فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ سائبر جرائم، آن لائن بلیک میلنگ، بچوں کے استحصال اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے، پاک آئی ڈی کے ذریعے شہریوں کو سائبر کرائم سے متعلق شکایات آن لائن درج کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو این سی سی آئی اے لاہور کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چند ہفتے قبل کھلی کچہری میں چھ بچیوں نے آن لائن بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کرنے پر مجبور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا  تاہم این سی سی آئی اے لاہور کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلیک میل کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا، بعض ملزمان کو چند گھنٹوں، بعض کو ایک دن اور بعض کو دو دن میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے متاثرہ بچیوں کو ریلیف فراہم کرنے پر این سی سی آئی اے کی ٹیم کو شاباش دی۔محسن نقوی نے کہا کہ پاک آئی ڈی کے ذریعے سائبر کرائم کی شکایات درج کرانے کی سہولت جلد متعارف کرائی جائے گی  جس سے ہر شکایت کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب ہوگا اور اس پر ہونے والی کارروائی کی پیش رفت بھی معلوم کی جا سکے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے امتحانات میں غیر قانونی طریقوں سے پانچ ہزار پاکستانیوں کو کامیاب کرانے والے ایک بڑے گینگ کا سراغ لگایا ہے،اس معاملے میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ اس ذریعے سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے پانچ ہزار پاکستانیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا اسکینڈل تھا جسے بروقت بے نقاب کرکے مستقبل میں پاکستان کو ممکنہ نقصان سے بچایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ چائلڈ ابیوز نے گزشتہ ماہ لاہور سمیت پنجاب میں بچوں کے استحصال اور فحش مواد کے کاروبار میں ملوث 15 افراد کو گرفتار کیا جو مختلف بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک تھےاس کے علاوہ ایف بی آئی سے متعلق ایک کیس، کال سینٹر اور بچوں کے استحصال سے متعلق دیگر مقدمات بھی حل کیے گئے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ این سی سی آئی اے کو مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں تو پاکستان میں سائبر جرائم اور بچوں کے استحصال سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں پر موثر قابو پایا جا سکتا ہے ،ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔سیاسی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے قانونی حقوق حاصل ہیں ،عدالتوں کی جانب سے ملنے والا ریلیف بھی انہیں فراہم کیا جائے گا۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم اس معاملے کا بہترین حل عوام کی رائے لینا ہے، اگر عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے، اگر عوام اس کے حق میں فیصلہ دیں تو نئے صوبے بنائے جانے چاہئیں۔اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران پانچ سے چھ ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ،یہ کارروائی کسی ایک مخصوص سیاسی یا مذہبی شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے جاری ہے،اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔محسن نقوی نے کرپشن کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں جہاں کہیں بھی بدعنوانی موجود ہے، شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرنا ضروری ہے، سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے گریڈ 17 کے ایک سرکاری افسر کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ سرکاری اداروں سے متعلق پانچ بڑے مقدمات زیر تفتیش ہیں۔سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کی تشہیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیے ،قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتیں حکومت کا اہم حصہ ہیں، تمام اہم فیصلے باہمی اتفاق رائے سے کیے جائیں گے ،سوشل میڈیا پر اختلافات کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو حقیقت نہیں بننے دیا جائے گا۔