صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی کا بچوں کو تمباکو کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور

12

اسلام آباد۔19نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے بچوں کو تمباکو کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمباکو کا استعمال دنیا بھر میں صحت عامہ کے لیے بڑے خطرات میں سے ایک ہے جس کے باعث ہر سال تقریباً 70 لاکھ افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی صورتحال تشویشناک ہے جہاں روزانہ تقریباً 450 افراد تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں اور پیچیدگیوں کے باعث موت کا شکار ہو رہے ہیں۔

 انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں عالمی یوم اطفال 2026ء کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تمباکو کے استعمال سے پیدا ہونے والی مختلف وجوہات کے باعث روزانہ تقریباً 19 ہزار افراد اپنی جانیں گنوا دیتے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے بچوں میں سگریٹ نوشی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر خصوصی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق روزانہ تقریباً 1200 بچے سگریٹ نوشی شروع کر دیتے ہیں، جس سے وہ صحت کے سنگین خطرات اور نکوٹین کی لت میں مبتلا ہونے کے خدشات سے دوچار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے استعمال سے محفوظ رکھنا صحت عامہ کی ایک فوری اور اہم ترجیح ہے۔ والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بچوں کو تمباکو کی مصنوعات سے دور رکھا جا سکے اور کم عمری میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو کے مضر اثرات سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانا، بچوں کی تمباکو مصنوعات تک رسائی محدود کرنا اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر اقدامات ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ نسلوں کو تمباکو کے استعمال کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے اور تمباکو سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔