ملتان ، 19 نومبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ نے سموگ فری ملتان کے ہدف کے حصول کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام چوک گھنٹہ گھر پر سموگ سے بچاؤ اور اس کے تدارک کے حوالے سے آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات منزہ نسیم نے کی۔
اس موقع پر جدید اینٹی سموگ وہیکلز کے ذریعے سپرے بھی کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات منزہ نسیم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر دو جدید سموگ گنز منگوائی گئی ہیں، جن کے استعمال سے شہر کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے بھٹوں، فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ فضائی آلودگی کے خاتمے اور صاف ماحول کے قیام کے لیے انتظامیہ کی جاری مہم میں بھرپور تعاون کریں۔











