عاقب جاوید نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ماسٹر پلان پر بہت محنت کی، محسن نقوی

12

لاہور،12نومبر  (اے پی پی):چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ماسٹر پلان کی تیاری میں عاقب جاوید اور ڈیزائننگ ٹیم نے بہت محنت کی ہے، اکیڈمی کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور اس کی تکمیل کیلئے31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے عاقب جاوید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے ماسٹر پلان پر انہوں نے ڈیزائننگ ٹیم کے ساتھ مل کر بھرپور محنت کی ہے۔ یہ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی ہوگی، جہاں دنیا کی بہترین مشینری اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے خصوصی تربیتی کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا دورانیہ تین سے چھ ماہ ہوگا۔ ان کیمپس کا مقصد نوجوان کرکٹرز کی خامیوں کو دور کرنا اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ قومی اسکواڈ میں شمولیت کے بعد انہیں بنیادی چیزیں سیکھنے کے بجائے براہ راست کارکردگی دکھانے کا موقع ملے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چھ ماہ میں اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، جس سے قومی ٹیم کو فائدہ پہنچے گا۔سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ کنٹریکٹس کو آج یا کل تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔ محمد رضوان اور امام الحق کے معاملات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی کی بریفنگ اور بعض امور کی وضاحت ملنے کے بعد اس بارے میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔سلیکشن پالیسی پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے اور انہیں ڈیبیو کرانے کی پالیسی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کمیٹی کے ٹریک ریکارڈ سے مطمئن ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہی ٹیم اچھے نتائج دے گی۔پی ایس ایل فرنچائزز کو درپیش مالی مشکلات اور ڈیفالٹ کے خدشات سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال فرنچائزز ریکارڈ قیمتوں پر فروخت ہوئی تھیں۔ فرنچائزز کی فزیبلٹی میں ابتدائی دو سے تین سال کے دوران مشکلات کا امکان پہلے ہی شامل ہوتا ہے۔ اگر کوئی فرنچائز مالک مستقبل میں اپنی ٹیم منافع پر فروخت کرنا چاہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کا موثر مرکز بنایا جائے تاکہ مستقبل میں پاکستان کو بہتر اور باصلاحیت کرکٹرز میسر آسکیں۔