پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر نیشنل میوزیم اسلام آباد میں چینی نوادرات کی نمائش

11

اسلام آباد، 12 نومبر  (اے پی پی) : پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر نیشنل میوزیم اسلام آباد میں چینی مٹی (پورسلین) کے نوادرات اور عصری فنون پر مشتمل پاک چین مشترکہ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔یہ نمائش حکومتِ پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تحت نیشنل میوزیم اسلام آباد نے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے تعاون سے منعقد کی ہے۔

افتتاحی تقریب سے پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اور پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے قونصلر چینگ پینگ نے خطاب کیا۔

فرح ناز نے اپنے خطاب میں پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات بھرپور ثقافتی ورثے، فنی روایات اور دستکاری کو اجاگر کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی سفارت کاری باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، عوامی رابطوں کو استوار کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

چینی سفارت خانے کے قونصلر چینگ پینگ نے پاک چین دوستی کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے ثقافتی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں چینی پورسلین اور عصری فنون کی نمائش کے اس اقدام کو سراہا اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور ایک دوسرے کی روایات کی باہمی قدر افزائی میں مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے کردار کو اجاگر کیا۔

افتتاحی تقریب میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے حکام، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے نمائندگان، چینی سفارت خانے کے اہلکاروں، ثقافتی نمائندوں، فنکاروں، طلباء اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے نمائش میں رکھے گئے پورسلین کے نوادرات اور عصری فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور نمائش کے ذریعے پیش کی گئی فنی مہارت اور ثقافتی ورثے کو سراہا۔