وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات

11

اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے  چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی پیشرفت اور اس شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات کا سب سے اہم مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کے لیے ایکسپورٹ میں آسانی پیدا کرنا ہے، جبکہ اس ضمن میں عوام میں کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات لیے جائیں۔

وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کیے جائیں، جن کی کامیابی کے بعد انہیں بتدریج ملک کے تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔

 وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ سٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ فائنانس اسکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور یہ مختص کردہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں  کے لیے مخصوص ہوگی، جس کے حوالے سے ایگزم بینک نے سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور سمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی منظوری دی۔

ملاقات کے دوران وفد کے شرکاء نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس شعبے کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔

 وزیراعظم نے وفد کی جانب سے دی گئی قابل عمل تجاویز پر غور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی جو ان پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔