وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا تاندلیانوالہ کے دیہات کا اچانک دورہ، سُتھرا پنجاب کے صفائی انتظامات کا جائزہ

3

لاہور، 19 نومبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تاندلیانوالہ، فیصل آباد کے نواحی دیہات کا اچانک دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ستیانہ اور سدوال گاؤں کے مکینوں اور دکانداروں سے ملاقات کرکے صفائی کے نظام سے متعلق ان کی رائے اور تجاویز حاصل کیں۔ شہریوں نے صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سُتھرا پنجاب کے ورکرز باقاعدگی سے آتے ہیں اور اب دیہات میں بھی شہروں جیسی صفائی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ذیشان رفیق نے شہریوں کی تجاویز نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ انچارج کو آگاہ کیا جائے، فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔دورے سے واپسی پر صوبائی وزیر نے راستے میں صفائی کے کام میں مصروف ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔