وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کامسیک کے 42ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے

6

اسلام آباد، 2 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون (کامسیک) کے 42ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے۔ استنبول ایئرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، باہمی تجارت میں اضافے اور نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دورے کے دوران جام کمال خان کی ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ہم منصب وزرائے تجارت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں باہمی تجارت کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے امور زیر بحث آئیں گے۔

کامسیک کے اجلاس میں اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، برآمدات کے فروغ، تجارتی مالی معاونت کے مؤثر نظام اور نجی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تجارت پاکستان کے لیے نئی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داریوں کے امکانات بھی اجاگر کریں گے۔ کامسیک اجلاس میں پاکستان کی شرکت اسلامی ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مستحکم اور برآمدی مواقع کو وسعت دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔