وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر سے ملاقات

4

اسلام آباد، 02 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی جس میں پائیدار معاشی ترقی، برآمدات کے فروغ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی شمولیت، کاروباری مسابقت میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برآمدات کو ملکی معاشی ترقی کی حکمت عملی کا مرکزی حصہ بنایا جائے گا اور کاروباری اداروں کو علاقائی و عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے سازگار پالیسیاں متعارف کرائی جائیں گی۔

انہوں نے کاروبار میں آسانی کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، ضابطہ جاتی طریقہ کار کو آسان بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولت فراہم کرنا، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ معاشی ترقی کے اہم عوامل ہیں۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ، مالی وسائل تک رسائی اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے حوالے سے چیمبر کی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت اور سازگار پالیسی ماحول کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے نجی شعبے اور کاروباری تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل، برآمدکنندگان کو سہولتوں کی فراہمی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے مل کر کام جاری رکھے گی۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور ٹیکس پالیسی آفس، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔