پاکستان اور مالدیپ کا تجارت، سرمایہ کاری اور بحری تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق

8

اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور مالدیپ کے وزیر تجارت محمد سعید کے درمیان آن لائن ملاقات میں ہوا۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرے گا۔ پاکستان مالدیپ کو چاول، چینی، پھل، سبزیوں، ادویات اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے ساتھ بحری تعاون کے نئے مواقع بھی تلاش کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور بحری روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد مالدیپ کا دورہ کرے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔