پاکستان کا یو این آر ڈبلیو اے کے تحفظ اور فلسطینی پناہ گزینوں تک بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی پر زور

5

اقوام متحدہ، 12 نومبر)اے پی پی): پاکستان نے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینان (یو این آر ڈبلیو اے) کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ایجنسی کو اپنے مینڈیٹ کی بلارکاوٹ تکمیل کے لیے مسلسل سیاسی، مالی اور عملی معاونت فراہم کی جائے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی میں یو این آر ڈبلیو اے کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے فرسٹ سیکریٹری انصار شاہ نے ایجنسی کی قیادت اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو انتہائی کٹھن اور خطرناک حالات میں بھی زندگی بچانے والی انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے کے قریباً 400 اہلکار اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے ان قربانیوں کو ان اہلکاروں کے غیر معمولی عزم، حوصلے اور فرض شناسی کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے یو این آر ڈبلیو اے غزہ، مغربی کنارے، اردن، لبنان اور شام میں مقیم لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ایک ناگزیر سہارا رہی ہے۔ ایجنسی نے انہیں تعلیم، صحت کی سہولیات، ہنگامی امداد اور پناہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی عزتِ نفس اور احساسِ وابستگی کو بھی برقرار رکھا ہے۔

ایجنسی کو درپیش غیر معمولی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انصار شاہ نے یو این آر ڈبلیو اے کی ساکھ مجروح کرنے، اس کی مالی معاونت روکنے اور اسے ختم کرنے کی کوششوں، بالخصوص اسرائیلی قانون سازی، کی شدید مذمت کی، جس کے تحت ایجنسی کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے، اس کے استثنیٰ کو ختم کرنے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے ان اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بھی رکن ملک یکطرفہ طور پر جنرل اسمبلی کی قائم کردہ اقوام متحدہ کی کسی ایجنسی کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کا مسئلہ محض انسانی ہمدردی کا معاملہ نہیں بلکہ ایک بنیادی سیاسی اور قانونی مسئلہ بھی ہے، جس میں ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق، بشمول حقِ واپسی، شامل ہیں، جیسا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے اور شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں طے پانے والے معاہدے کے تحت شروع کی گئی امن کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان نے ان اقدامات کو مستقل جنگ بندی، انسانی امداد اور غزہ کی تعمیرِ نو میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مصر، قطر، ترکیہ اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزہ کی بحالی میں یو این آر ڈبلیو اے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ پائیدار اور منصفانہ امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور قبل از 1967ء سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور امن، انصاف اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے ان کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔