اسلام آباد،19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ، نجی شعبے کو بااختیار بنانا اور ساختی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات بڑھا کر ملکی معیشت کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرسکے، گزشتہ 75 برس کے تجربات سے سبق سیکھ کر اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور پاکستان جلد دنیا میں ایک کامیاب اور باوقار ملک کے طور پر اپنا مقام حاصل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں امریکن بزنس کونسل پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، کابینہ اراکین ، امریکن بزنس کونسل پاکستان کے ارکان اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کونسل کے ارکان نے صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کے اقتصادی مفادات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان پر اعتماد اور اس کے طویل المدتی مفادات کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کا عزم رکھنے والے کاروباری افراد ملک کے عظیم سفیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے مسائل پوری توجہ سے سننے اور ان کی جائز شکایات کے ازالے کے لیے فوری طور پر مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کے خواہاں ہیں، سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹیں، سرخ فیتہ، بیوروکریٹک اور طریقہ کار کی غیرضروری تاخیر دور کرنا ضروری ہے کیونکہ بعض معاملات برسوں تک حل نہیں ہوتے، ایسے نظام کی بنیادی ضرورت شفافیت ہے اور حکومت اسے یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوشاں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2023ء میں پاکستان کو ڈیفالٹ کا سنگین خطرہ درپیش تھا تاہم آج ملک کے مجموعی ذخائر تقریباً 27 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد جبکہ پالیسی ریٹ ساڑھے 23 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے۔ خلیجی بحران نے دنیا کی طاقتور ترین معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے، اس کے باوجود پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا 90 فیصد سے زائد حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے جس میں تیل، گیس، ایل این جی اور پٹرول شامل ہیں، اس کے باوجود ملک میں پٹرول پمپس پر ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی بلکہ حکومت نے معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام وضع کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات عام آدمی کی مشکلات، محنت اور مسلسل کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں، سندھ کی وادیوں، بلوچستان کے دشوار گزار پہاڑوں اور خیبر پختونخوا کی برف پوش چوٹیوں میں رہنے والے غریب افراد کے لیے ایک وقت کی روٹی، ادویات، بچوں کی تعلیم اور لباس کا انتظام بھی مشکل ہے۔ سردیوں میں ایک گرم کمرے کا انتظام کرنا بھی ان کے لیے بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ بیوائیں اور یتیم لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔ ایسے حالات میں ملک کو ایک مشکل مگر منظم اقتصادی تبدیلی کے مرحلے سے گزارنا آسان نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ایک بہترین ٹیم اور مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان اس قدر نتیجہ خیز شراکت داری قائم ہوئی ہے۔ اگر ماضی میں بھی قومی مفاد کے لیے ایسی ہم آہنگی، باہمی افہام و تفہیم کا مظاہرہ کیا جاتا تو پاکستان بہت پہلے ترقی کی منزلیں طے کرچکا ہوتا۔ وزیراعظم نے ان کامیابیوں کا کریڈٹ اپنی ٹیم خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو دیا۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ اسے متحرک اور تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، اس مقصد کے لیے خلوص نیت، مسلسل محنت، عوام کی بے لوث خدمت اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی بحران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے، پاکستان خطے میں امن کی بحالی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے اور ایران اور امریکا کے ساتھ دوست اور برادر ممالک کی معاونت سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا اور خطے میں امن بحال ہونے کی صورت میں ملک غیرمعمولی اقتصادی ترقی کی جانب پیش قدمی کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی تبدیلی میں بنیادی کردار نجی شعبے کا ہے جبکہ حکومت کی ذمہ داری کاروباری برادری کی مدد اور اسے بااختیار بنانا ہے۔ حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں بلکہ نجی شعبے کو ایسا ماحول فراہم کرتی ہیں جس میں وہ زیادہ سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات کرسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ معیشت کو صرف مستحکم ہی نہ کرے بلکہ اسے متحرک اور تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس مقصد کے لیے خلوص نیت، مسلسل محنت، عوام کی بے لوث خدمت اور ذاتی پسند و ناپسند اور مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منزل تک پہنچنے کے لیے یہ راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے اور حکومت اسی وژن کے تحت مل کر آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ حالیہ بجٹ میں 400 ارب روپے کی ٹیکس رعایتیں دی گئیں ہیں جو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت بھی ممکن ہوئیں کیونکہ عالمی مالیاتی ادارے کو پاکستان کی انتظامی صلاحیت پر اعتماد ہے اور اسے یقین ہے کہ یہ اقدامات ملکی معیشت کو تحریک دینے اور مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر موجود ہیں، لیکن ریکوڈک کے حوالے سے گزشتہ 20 برس سے باتیں ہی ہوتی رہی ہیں تاہم گزشتہ دو سے تین برس کے دوران پہلی مرتبہ اس پر عملی کام شروع ہوا ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہے اور موقع بھی، اس لیے انہیں بااختیار بنانا ضروری ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت، آئی پیڈز، لیپ ٹاپس اور وظائف سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں تاہم پاکستان کی معیشت اور قومی مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے لاکھوں نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنا ہوں گے کیونکہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ایسا شعبہ ہے جس میں صرف چھ ماہ کے دوران معیشت کو تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اس میں پاکستان کی سب سے بڑی قوت لائیو سٹاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا طویل ترین سفر بھی پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے اور پاکستان نے اجتماعی طور پر وہ پہلا قدم اٹھا لیا ہے۔ اعتماد کے ساتھ درست سمت میں سفر جاری رکھا جائے تو منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے آٹو انڈسٹری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ برس کے دوران اس شعبے کو سبسڈیز اور توسیعی سہولتیں فراہم کی گئیں اور کمپنیوں نے تحریری وعدے اور ناقابل تنسیخ ضمانتیں دیں کہ وہ مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری کا تناسب 60، 70، 80 اور 90 فیصد تک لے جائیں گی تاہم آج بھی یہ شرح تقریباً 50 فیصد کے قریب ہے۔ اس کے باوجود یہ صنعت مسابقت کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ الیکٹرک گاڑیوں کا دور ہے، جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے سے اربوں ڈالر کی درآمدی توانائی پر انحصار کم، ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں مدد اور صنعت و سڑکوں پر نقل و حرکت کے نظام کو زیادہ مؤثر اور کم لاگت بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر چار ماہ تک اجلاس ہوئے جن میں وزیر خزانہ، نائب وزیراعظم، وزیر صنعت، وزیر تجارت، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ مشاورت کے بعد ایک منصفانہ طریقہ کار طے کیا گیا جس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ اور روایتی انٹرنل کمبشن انجن (آئی سی ای) گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی تبدیلی کے لیے ہر شعبے میں اسی طرز عمل کو اپنانا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کا بنیادی ہدف ہے۔ پاکستان امریکی زرعی مصنوعات، بشمول سویابین، کی زیادہ درآمدات کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ امریکی منڈی میں پاکستانی جراحی آلات، کھیلوں کے سامان اور دیگر تیار شدہ مصنوعات کے لیے وسیع مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس کی سربراہی نجی شعبے کے کاروباری شخصیت عمر سعید کو سونپی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو بھی مکمل طور پر تبدیل کیا گیا ہے اور اس کے لیے متعلقہ معیار کے مطابق افرادی قوت لائی گئی ہے۔ اب یہ خطے کا ایک مضبوط ادارہ بن چکا ہے تاہم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مزید رہنمائی اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کومکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے جس سے لاکھوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اسی طرح یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی فراہمی کا نظام بھی بدعنوانی کے باعث ختم کیا گیا اور ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا گیا۔ گزشتہ دو برس سے مستحق افراد کو مالی معاونت ڈیجیٹل لین دین کے ذریعے براہ راست فراہم کی جا رہی ہے۔ رواں سال 27 ارب روپے مستحق افراد کو ادا کیے گئے، جس سے انہیں اشیائے خورونوش کے حصول کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے، ناقص معیار کی اشیاء خریدنے اور زائد قیمتوں کا سامنا کرنے سے نجات ملی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور مقررہ اہداف کے حصول تک حکومت آرام سے نہیں بیٹھے گی۔ اس مقصد کے لیے نجی شعبے اور سرکاری حکام کے درمیان مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔ پہلی مرتبہ نجی شعبے کے ماہرین کو سرکاری نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔لائیو سٹاک کے شعبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے لیکن ماضی میں اس پر توجہ نہیں دی گئی۔ حکومت نے لائیو سٹاک کے محکمے کو وزارت زراعت سے الگ کرکے ایک خودمختار یونٹ بنا دیا ہے۔ لائیو سٹاک بورڈ کی سربراہی نجی شعبے کے ایک ممتاز زرعی کاروباری ماہر کو سونپی گئی ہے جبکہ بورڈ کے ارکان بھی اسی شعبے سے لیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ترکیہ کے مشیروں سے مشاورت اور برازیل سمیت جنوبی امریکہ کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے کیونکہ برازیل لائیو سٹاک کی بڑی برآمد کنندگان میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 75 برس کے تجربات سے سبق سیکھ کر اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور پاکستان جلد دنیا میں ایک کامیاب اور باوقار ملک کے طور پر اپنا مقام حاصل کرے۔قبل ازیں امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے صدر عدنان اسد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری، بہتر کارپوریٹ گورننس، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے،کونسل کی رکن کمپنیوں نے گزشتہ پانچ برس کے دوران پاکستان میں 74 ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری کی اور یہ براہ راست 96 ہزار جبکہ بالواسطہ تقریباً 20 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور دیگر حکام کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں شدید کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود حکومت پاکستان نے ملک کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں کردار ادا کیا، جس پر حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔عدنان اسد نے کہا کہ کاروباری برادری حکومت کی کاروبار دوست اور مستحکم پالیسیوں اور مسائل کے حل کے لیے کابینہ ارکان اور وفاقی سیکرٹریز کے مثبت رویے کو بھی سراہتی ہے، تقریب میں 80 امریکی کمپنیوں کے نمائندے موجود ہیں، جن میں 60 کونسل کے ارکان جبکہ 20 ایسی کمپنیاں ہیں جو پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمپنیوں نے پاکستان میں منافع حاصل کیا ہے اور اپنے کاروباری آپریشنز سے مطمئن ہیں۔کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کمپنیوں نے مجموعی طور پر 50 کروڑ سے زائد درخت لگائے، 12 ملین مریضوں کی مختلف منصوبوں کے ذریعے معاونت کی، سیلاب کے دوران مختلف پروگراموں کے تحت ڈیڑھ کروڑ افراد کو مدد فراہم کی اور ملک بھر میں تین لاکھ طلبہ کو وظائف دیے۔ ان سرگرمیوں پر مجموعی طور پر تقریباً تین ارب روپے خرچ کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کمپنیاں پاکستان کی حقیقی سفیر ہیں اور بین الاقوامی سرمایہ کار مستقبل کی سرمایہ کاری کے فیصلے کرتے وقت ان کے تجربات اور پاکستان میں کاروباری کارکردگی سے متعلق آرا کو اہمیت دیتے ہیں۔عدنان اسد نے بتایا کہ وہ 34 برس بعد پاکستان میں اسکواش کی واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ پاکستان کے اسکواش کھلاڑی رہے ہیں اور یو ایس اوپن میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان میں اسکواش کے مقابلوں کے لیے 1.9 ملین ڈالر کی انعامی رقم فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے امریکی کمپنیوں کی جانب سے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ چند برس کے دوران ملک میں کاروباری ماحول کو مستحکم بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا منصفانہ حصہ ڈالتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر مہمان نوازی کو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا پیمانہ قرار دیا جائے تو پاکستان دنیا کا امیر ترین ملک ہوگا۔











