لاہور، 19 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل سکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیتے ہوئے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینلز کی فراہمی کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں توانائی کے متبادل ذرائع اور بائیو انرجی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز شریف نے تمام بڑے ہسپتالوں کا انرجی آڈٹ کرانے اور ان کے توانائی کے استعمال کے مطابق الیکٹرک پینلز نصب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں تین ہزار ٹن ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سُتھرا پنجاب کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے توانائی اور بائیو فیول منصوبوں، جانوروں اور فصلوں کے فضلے سے بائیو انرجی، بائیو ریفائنری اور بائیو گیس پلانٹس کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیو ریفائنری منصوبے پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ چولستان میں 40 مقامات پر واٹر سپلائی سکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل سکیم کے پہلے مرحلے میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ 89 ہزار 869 افراد کو سولر پینل فراہم کیے گئے، جس سے ان کے بجلی کے بلوں میں تقریباً ایک تہائی بچت ہوئی۔ پنجاب کے 76 سکولوں کو بھی پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں سالانہ چار لاکھ 90 ہزار ٹن جانوروں کے فضلے سے 7.15 ارب کیوبک میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے جبکہ جانوروں، زرعی اور سالڈ ویسٹ سے 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔انرجی ڈیپارٹمنٹ کے عوامی سروے کے مطابق شہریوں نے سی ایم سولر پینل سکیم کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس کی بدولت ان کے بجلی کے بل تقریباً نصف رہ گئے ہیں۔











